کورونا سے اموات میں اضافہ قابل تشویش،مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے:شہباز شریف

Published On: 2020-05-31 03:50:17, By: Asif

لاہور (جنرل رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایک دن میں کورونا سے درجنوں ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ناسمجھی، غیردانشمندی اور عاقبت نااندیشی سے کورونا وبا تیزرفتاری سے پھیل رہی ہے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اموات کی بڑھتی تعداد ڈاکٹرز، ماہرین، تجزیہ نگاروں اور رہنماؤں کے خدشات کی تصدیق ہے، حکومتی مجرمانہ لاپرواہی سے ڈاکٹرز اور سمجھ رکھنے والا ہر باشعور شخص گھبرایا ہوا ہے، مشترکہ مفادات کونسل کا فوری اجلاس بلایا جائے، وفاق اور صوبے حالات کا ازسرنو جائزہ لے کر اقدامات کریں، بے حسی اور غفلت کا نتیجہ خدانخواستہ بڑی تباہی کی صورت نکلنے کو ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا ٹڈی دل کو ڈھول سے بھگانے اور کورونا کے پھیلاؤ اور اموات پر خاموشی کی حکومتی پالیسی ناکام ہوچکی ہے، شہبازشریف نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا اور پسماندگان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز کے جاں بحق ہونے کی بڑھتی تعداد بھی انتہائی تشویشناک ہے، اپنے ان شہید ڈاکٹر بیٹوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے

Re-Designed & Developed By: City Software House Chitral [0345-5742494]